لاہور( کامرس ڈیسک) پنجاب بینک نے پہلی ششماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا ہے ۔بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس گزشتہ روز ہوا جس میں تیس جون کو ختم ہونے والی پہلی ششماہی کے غیر آڈٹ شدہ مالیاتی حسابات کی منظور ی دی گئی ۔اجلاس کی صدارت چیئرمین ڈاکٹر پرویز طاہر نے کی ۔ پہلی ششماہی کے دوران بینک نے تیرہ فیصد اضافے کے ساتھ 6.93ارب کا قبل از ٹیکس منافع کمایا۔جو گزشتہ سال اسی مدت کے دوران6.15ارب روپے تھا۔بینک کا نیٹ انٹرسٹ مارجن بیالیس فیصد اضافے کے ساتھ13.08ارب روپے ہوگیا۔ بینک کی نان مارک اپ انٹرسٹ آمدن 1.84ارب رہی۔اسی طرح بینک کی فی حصص آمدن 1.52 روپے رہی۔بینک کے اثاثہ جات بہتر ہوکر 802.2ارب ہوگئے ۔بینک کا ڈیپازٹ 665.2ارب کی سطح تک پہنچ گیا جبکہ سرمایہ کاری اور قرصہ جات بالترتیب302.5 ارب اور425.4ارب روپے رہے۔بینک کی ٹیئرون ایکیوٹی36.5ارب روپے رہی۔