لاہور( جنرل رپورٹر ،نمائندہ خصوصی سے ) پنجاب حکومت نے صوبے میں کورونا ویکسی نیشن کی رفتار تیز کرنے کیلئے اختراعی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں اضلاع میں ڈورٹو ڈور اور ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سمیت دیگر تجاویز زیر غور ہیں۔فیصلہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، محکمہ صحت کے سیکرٹریز اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے میں چار لاکھ 30ہزارافراد کو روزانہ ویکسین لگانے کا نظر ثانی شدہ ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ این سی او سی کی گائیڈ لائینز کے مطابق مقرر کردہ اہداف کو ہر صورت پورا کرنا ہوگا، ویکسی نیٹرز کی بھرتی کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ انتظامی افسران ویکسی نیشن کی رفتار بڑھانے کیلئے اپنی تخلیقی صلاحیتیں بروئے کار لائیں ۔