لاہور (خصوصی نمائندہ،نامہ نگار خصوصی،نمائندہ خصوصی سے ،کامرس رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )پنجاب میں جنرل سٹورز اور کریانہ کی دکانیں رات 8بجے بند کرنے اورزکوٰۃ کی کٹوتی ایک ماہ قبل کرنیکا فیصلہ کرلیا گیا۔گزشتہ روز کابینہ کمیٹی انسداد کروناکے اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا کہ جنرل سٹور ز اور کریانہ کی دکانیں صبح 8سے رات 8بجے تک کھلی رہیں گی،فیصلے پر آج سے عملدرآمد ہوگا اورکسی کو خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائیگی۔گڈز ٹرانسپورٹ کو نقل وحمل کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی برقرار رہیگی۔وزیراعلیٰ نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں ہاٹ سپاٹ کی چیکنگ کا نظام سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کرونا وائرس کے حوالے سے انتہائی حساس علاقوں کی نشاندہی کر کے ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے ۔کرونا کیس والے علاقوں میں نقل وحرکت کو محدود کیاجائے ۔ آٹے سمیت اشیاء ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائی جائے اورغریب افراد کیلئے راشن کا بندوبست کرنے کے حوالے سے انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے ۔ انتہائی غریب افراد کیلئے معاشی پیکیج تیار کررہے ہیں ،وزیرخزانہ کی سربراہی میں قائم کمیٹی کل اس ضمن میں بریفنگ دیگی۔ پنجاب حکومت کرونا کی روک تھام کی مہم میں جانفشانی سے فرائض سرانجام دینے پر کمشنرز،آرپی اوز،ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز، اسسٹنٹ کمشنرزاورپولیس کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، آرمی او ررینجرز کے کردار کو بھی سراہتے ہیں ، ڈاکٹروں،نرسوں او رپیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں ۔دریں اثنا قائم مقام ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل نے لاہور ہائیکورٹ کوکرونا وائرس سے متاثرہونیوالے افراد کی مدد کیلئے ایک ماہ قبل زکوٰۃ کی کٹوتی کے فیصلہ آگاہ کر دیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے رمضان المبارک سے قبل زکوٰ ۃ کٹوتی پر جواب طلب کیا تھا۔جس پرقائم مقام ایڈووکیٹ جنرل نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت نے زکو ۃ کٹوتی کے حوالے سے وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا ہے ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب کے سرکاری ملازمین کو تنخواہ اور پنشن جاری کردی گئی، یہ رقم وہ اپنے بینک اکاؤنٹ سے نکلوا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں چیئرمین سنٹرل کمیٹی پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی اور پنجاب حکومت کو 31ہزار آٹے کے تھیلوں کا عطیہ دیا،اڑھائی کروڑ روپے مالیت کے آٹے کے تھیلے مستحق وضرورت مند افراد میں مفت تقسیم کئے جائینگے ۔جس پروزیراعلیٰ نے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین پنجاب برانچ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عبدالرؤف مختار، سابق چیئرمین پنجاب محمدریاض،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور ڈائریکٹر فوڈ پنجاب بھی اس موقع پر موجودتھے ۔،وزیراعلیٰ پنجاب کے نام امریکی سفیر پال ڈبلیو جونزنے مراسلہ میں کروناسے نمٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ امریکہ کورونا کیخلاف جنگ میں پاکستان کیساتھ کھڑا ہے ۔امریکہ نے پاکستان کو ایمرجنسی کرونا وائرس اسسٹنٹس کیلئے ترجیحی ملک قرار دیا ہے ۔ جس پروزیراعلیٰ نے کہاکہ امریکی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے عارفوالا میں چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ او ر افسوس کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں جبکہ واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ۔ لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) محکمہ داخلہ پنجاب نے اشیائے خوردونوش والی دکانوں کے نئے اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔نئے اوقات کار پر آج سے 7 اپریل تک عملدرآمد جاری رہیگا ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن علی آغاز کی ہدایت پر سیکشن آفیسر انٹرنل سکیورٹی احمد بلال کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں گروسری سٹورز،جنرل سٹورز اور کریانہ کی دکانیں رات 8بجے بند کر دی جائینگی،یہ دکانیں صبح 8بجے سے رات 8بجے تک کھلی رہیں گی۔نئے اوقات کار کا اطلاق پٹرول پمپس،آئل ڈپو،ایل پی جی آئوٹ لیٹس اینڈ فلنگ پلانٹس،فارمیسیز، میڈیکل سٹورز،پھل اور سبزی بیچنے والی دکانوں،تندور، آٹا چکیوں،پوسٹل کورئیر سروس،کا ل سنٹرز(50فیصد سٹاف کیساتھ اور عوامی ڈیلنگ کے بغیر)،پرنٹنگ پریس اور ایسے ریسٹوران جہاں سے ہوم ڈلیوری سروس کی جاتی ہے پر نہیں ہو گا اور وہ رات 8بجے کے بعد بھی کھلے رہ سکتے ہیں۔