لاہور (کامرس رپورٹر)پنجاب حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں شروع کردیں جبکہ محکمہ صحت نے 1 کھرب 41 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ دینے کی تجویز پیش کردی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں شعبہ صحت میں عوامی فلاح و سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی بجٹ کا پہلا ڈارفٹ تیار کرلیا گیا،محکمہ سپیشلائزڈ، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے تجاویز پیش کردیں۔ نئے مالی سال22-2021میں مجموعی طور پر 1 کھرب 41 ارب روپے کا بجٹ دینے کی تجاویز تیار کی گئی ہیں ،محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے 41 ارب ارب روپے کے بجٹ کی تجویز پیش کی گئی ۔محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے جاری منصوبوں کی تکمیل کے لیے 32 ارب روپے کے فنڈ مختص کرنے کی تجویز دی ہے ،نئے مالی سال میں محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر 9 ارب روپے سے زائد کے منصوبے شروع کریگا ۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے مجموعی طور پر 1 کھرب کا ترقیاتی بجٹ مختص کرنے کی تجویز پیش کی ہے جس میں جاری منصوبوں کے لیے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن30 ارب روپے اور نئے منصوبوں کے لئے 12 ارب روپے کے فنڈ ز مانگے گئے ہیں جبکہ نئے مالی سال کے بجٹ میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے 56 ارب کا بلاک ایلوکیشن مانگا ہے ۔