لاہور(نمائندہ خصوصی سے )حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں دودھ ، دہی کی دکانیں رات آٹھ بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دیدی ،اجازت دینے کا فیصلہ اعلی سطح کے اجلاس میں کیا گیا جس میں وزیر قانون راجہ بشارت ،چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان اورآئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے شرکت کی ۔چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی ہدایت پر پنجاب بھر کے کمشنروں اور ڈپٹی کمشنرز کو احکامات جاری کر دئیے گئے ۔ادھرکورونا وائرس کی صورتحا ل کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا صوبے میں گندم کی تیار فصل کی کٹائی کے دوران کسانوں کو ریلیف فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اور اسی وجہ سے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے نافذ دفعہ 144کے دوران گندم کی کٹائی کیلئے تمام تر لاجسٹکس، زرعی آلات اور مشینری کی نقل و حرکت پر پابندی فوری ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گندم کی کٹائی کے پیش نظر زرعی آلات ور مشینری کی نقل و حرکت کی اجازت ہو گی لیکن کٹائی کیلئے لیبر کو دیئے گئے ایس اوپیز کے مطابق کام کرنا ہوگا، سیمنٹ اور سوڈ ا ایش کی ترسیل کو بھی پابندی سے استثنیٰ حا صل ہوگا تا کہ تعمیراتی انڈسٹری میں کام جاری رہے ۔ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے تعینات ڈاکٹروں اور طبی عملہ کو پرسنل پروٹیکشن اکویپمنٹ کی فراہمی کیلئے اضلاع کی سطح پر کمیٹیاں قائم کر دیں۔ہر کمیٹی فوج اور ڈپٹی کمشنر کے نمائندہ، متعلقہ ہسپتال کے ایم ایس اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے سی ای او پر مشتمل ہوگی اورروزانہ کی بنیاد پر اکویپمنٹ کی دستیابی اور استعمال کی مانیٹرنگ کریگی۔ ڈس انفیکشن گیٹس دو دن میں تیار اورجیلوں میں بیرکس کی ڈس انفیکشن کا عمل جلد مکمل کیا جائے ، صوبے میں دکانیں صرف صبح نو سے پانچ بجے شام تک کھولنے کے حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، گرانفروشوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ملوث سٹوروں کو وارننگ کے بعد سیل کر دیا جائے ۔چیف سیکرٹری پنجاب نے ایکسپو سینٹر لاہور میں قائم فیلڈ ہسپتال کا اچانک دورہ کرکے طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔