اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)حکومت پنجاب نے پنجاب سرمایہ کاری و تجارت بورڈ کے چیئرمین سردار تنویر الیاس خان کی سفارشات پر مجاز اتھارٹی نے پنجاب کے تین زونز سے ممتاز کاروباری شخصیات کو پنجاب سرمایہ کاری و تجارت بورڈ کے ممبر نامزد کر دیا ۔ ان ممبران کے تقرر کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، پنجاب سرمایہ کاری و تجارت بورڈ کے ارکان کی تعداداب 16 ہو گئی ہے ۔جن نئے ممبران کا تقرر کیا گیا ہے ان میں سے سہیل الطاف کا تعلق شمالی پنجاب، عبدالرئوف مختار کا تعلق وسطی پنجاب اور شیخ احسن رشید کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے ۔ اس سے قبل بھی پنجاب سرمایہ کاری و تجارت بورڈ میں ممتاز کاروباری شخصیات شامل ہیں جن کا تعلق پنجاب اور کراچی سے ہے ۔ تینوں شخصیات کاروبار کے فروغ میں وسیع تجربہ رکھنے کے ساتھ انتہائی متحرک بھی ہیں۔سرمایہ کاری بورڈ کے مطابق ان شخصیات کی شمولیت سے پنجاب سرمایہ کاری و تجارت بورڈ مستحکم ہو گا،جس کا کریڈٹ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو جاتا ہے ۔