لاہور، ملتان، وہاڑی ، اسلام آباد ( کامرس رپورٹر، سپیشل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر، خصوصی نیوز رپورٹر)فلور ملز ایسوسی ایشن نے حکومتی رویہ کے خلاف غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کر دی ، جنوبی پنجاب اور دیگر شہروں میں آٹا کی سپلائی کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ، پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن اورسیکرٹری خوراک پنجاب کے درمیان فلورملوں کی ہڑتال ختم کرنے کے لئے مذاکرات کا دوسرا دور بھی ناکام ہو گیا ، پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال پر قائم رہنے کا اعلان کردیا،فریقین کے مذاکرات 3 گھنٹے جاری رہے ، فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے مرکزی چیئرمین عاصم رضا احمد ، پنجاب کے چیئرمین عبد الرئوف مختاراور سابق چیئرمین میاں ریاض اور دیگرشریک ہوئے ، سیکرٹری خوراک پنجاب وقارعلی محمود نے وفد کو پیشکش کی ، فری مارکیٹ اصول کے تحت فلورملز جتنی چاہیں ، فلورملوں پر چھاپے نہیں مارے جائیں گے ، عاصم رضااحمد نے کہا اوپن مارکیٹ میں ایک من گندم کی قیمت 1550روپے فی من سے بڑھ چکی ہے ، اس تناسب سے 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں کم سے کم سے 35سے 40روپے فی تھیلااضافہ کیا جائے ، سیکرٹری خوراک پنجاب نے کہا یہ ممکن نہیں ، اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی ، عاصم رضا نے کہا پھر حکومت فلور ملز کو سرکاری گندم کا اجرا کرے ، سیکرٹری خوراک پنجاب نے کہا فی الوقت یہ ممکن نہیں ، ڈیڈلاک بر قرار رہا اور مذاکرات کسی نتیجے کے بغیر ختم ہو گئے ۔پنجاب میں آٹے کا دودن کے لئے ذخیرہ باقی رہ گیا ، گجرات،ملتان،سرگودھا،گوجرانوالہ اوردیگر اضلاع میں 20کلو آٹے کا تھیلا950روپے سے لے کر 1000روپے تک فروخت کیا جارہا ہے ۔ دریں اثنا وائس چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن چودھری جمیل احمد نے کہا اب ہم وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار یا چیف سیکرٹری کے سوا کسی سے بھی مذاکرات نہیں کریں گے ، حکومت کا رویہ فلور ملز مالکان سے نہایت ہتک آمیز ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ، پسائی کیلئے آئی ہوئی گندم تک ضبط کی جارہی ہے ، وہاڑی میں بھی فلور ملز ایسوسی ایشن کی عہدیداران نے مکمل ہڑتال کی اور فلورملز کو تالے لگا دئیے ، آئی سی سی آئی کے سابق صدر اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے سنٹرل ایگزیکٹو ممبر شیخ طارق صادق کی قیادت میں فلور ملز مالکان کے ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید سے ملاقات کی ، محمد احمد وحید نے کہا فلور ملز کی ہڑتال کی وجہ سے آٹے کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔