لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )پنجاب فوڈ اتھارٹی میں خالی اسامیوں پر بھرتی کے معاملے پرڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا۔مختلف ڈیپارٹمنٹس میں کی جانیوالی بھر تیوں میں 100 فی صد میرٹ پر پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں اجلاس کے دوران خالی اسامیوں پر بھرتی کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ادارے میں بھرتی کے عمل کو جلد مکمل کرنے ، ٹیسٹ اور انٹرویو کے مراحل کو مکمل شفاف بنانے کی جامع پالیسی کی تیاری کا حکم جاری کیا گیا۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق 100 فی صد میرٹ پر بھرتیاں کی جائیں گی۔یاد رہے کہ بھرتیاں آپریشنز، ٹیکنیکل، لیگل، ویجیلنس، سیکورٹی اور درجہ چہارم میں کی جا رہی ہیں۔موجودہ بھرتیاں فیز ون کے تحت ایک ہزار خالی اسامیوں پر کی جا رہی ہیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے مزید 2 ہزار سے زائد خالی اسامیوں پر بھرتی اگلے مرحلے میں حکومت پنجاب کی منظوری سے کی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی توجہ کی بدولت اتھارٹی کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق اتھارٹی کو تمام ضروری سہولیات بہم پہنچانے پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ حکومت پنجاب کے منصوبے کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی بہت جلد مکمل فعال اور مضبوط ترین اتھارٹی ہو گی۔