گجرات(نمائندہ92 نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب میں آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ، حکومت پنجاب نے بروقت اقدامات سے اسے ناکا م بنا دیا ، آٹے کا اصل بحران سندھ میں ہے ، وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے ملکی معیشت کو مسائل سے نکال دیا ،وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں حکومت نے تعلیم، صحت سمیت ہر شعبہ میں اپنی کارکردگی کا لوہا منوایا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات پریس کلب میں نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری، ڈنگہ میں مقامی ہوٹل میں شہریوں، نواحی گاؤں نور جمال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈی پی او سید توصیف حیدر، ایم این اے سید فیض الحسن شاہ، ایم پی اے میاں اختر حیات، ایم پی اے چودھری ارشد ، صدر پریس کلب محمود اختر محمود، سیکرٹری چودھری سعید احمد، سینئر صحافی طفیل میر، یونس ساقی بھی موجود تھے ۔صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے پریس کلب گجرات کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ گجرات کا میڈیا ملکی ترقی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف لندن بیٹھ کر حکومت پر تنقید کرتے ہیں، انہیں چاہیے وہ وطن واپس آکر سیاست کریں، لند ن بیٹھ کر انکی حکومت بارے کسی معجزے کی خواہش پوری نہیں ہوگی ۔