لاہور(کر ائم رپو رٹر)پنجاب میں لاہور،فیصل آباد اورگوجرانوالہ گھریلو تشدد میں سب سے آگے نکلے ۔ صنعتی ترقی اور جدید درس گاہوں کے باوجود تین شہرعورت کے لیے غیرمحفوظ ہیں۔ذرائع کے مطابق پنجاب میں لاہور،فیصل آباد اورگوجرانوالہ میں تشدد کے واقعات سب سے زیادہ رپورٹ ہوتے ہیں۔سڑکوں بازاروں میں لڑائی جھگڑے کے دوران عورت پر تشدد کے واقعات میں لاہورسرفہرست ہے جہاں 1 سال کے دوران 5 ہزار سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے ۔فیصل آباد میں ایسے واقعات کے 1726 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گوجرانوالہ ایک ہزار سے زائد کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔گزشتہ برس پنجاب بھرمیں خواتین پر تشدد کے ساڑھے 25 ہزارکیسزرپورٹ ہوئے ۔اس کے علاوہ گھر کی چاردیواری میں بھی تشدد کے واقعات کا سلسلہ رک نہیں سکا۔ لاہور میں 155 خواتین گھروں میں تشدد کا شکار ہوئیں اور انتقال کرگئیں۔گوجرانوالہ میں 143 کیسز جبکہ فیصل آباد 62 خواتین مار پیٹ سہتی رہیں اور جان کی بازی ہار گئیں۔