وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جنرل سٹورز اور کریانہ دکانیں صبح 8سے رات 8بجے تک کھلی رہیں گی۔ فیصلے پر آج سے عملدرآمد ہو گا، کسی کو خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکومت نے ماضی میں کئی مرتبہ بازار شام 8بجے بند کرانے کی کوشش کی تاکہ توانائی کے بحران پر قابو پا لے لیکن یہ کوشش کامیاب نہ ہو سکی۔ اب کرونا وائرس کے پیش نظر حکومت نے صبح 8بجے سے رات آٹھ بجے تک دکانیں بند کرانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ اس سے نہ صرف لوگ گھروں میں محفوظ رہیں گے بلکہ وائرس سے بھی بچا جا سکتا ہے۔ کئی ممالک میں شام ہوتے ہی بازار اور مارکیٹیں بند ہو جاتی ہیں جبکہ ہمارے ہاں صبح 11بجے سے رات گیارہ بجے تک کھلی رہتی ہیں جس سے نہ صرف توانائی زیادہ استعمال ہوتی ہے بلکہ لوگ اپنے بیوی بچوں کو بھی وقت نہیں دے پاتے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے ہاں سماجی زندگی ختم ہوتی جا رہی ہے۔ حکومت اگر اس سلسلے کو دائمی طور پر اپنائے تو کئی مسائل خود بخود ہی ختم ہو جائیں گے۔ پاکستانی قوم کو سخت قوانین لاگو کر کے سمجھایا جا سکتا ہے۔ لاک ڈائون کے دنوں میں لوگ گھروں میں بیٹھنے کی بجائے سڑکوں پر مٹر گشت کرتے نظر آتے ہیں۔ حکومت سخت قوانین اپنائے تاکہ لوگ گھروں میں بیٹھیں اور رات 8بجے دکانیں بند کرنے پر عملدرآمد کریں۔ اس سلسلے میں حکومت کو بے لچک کارروائی کرناہو گی۔