لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس ہواجس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ،ٹاسک فورس کے فیصلوں پر عملدرآمد اورپرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے بڑا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت صوبے بھر میں قائم 32ماڈل بازار اور کسان مارکیٹیں پورا ہفتہ کھلی رہیں گی اوران ماڈل بازارو ں اور کسان مارکیٹوں میں عوام کو معیاری اشیاء ضروریہ سستے داموں پورا ہفتہ ملیں گی۔صوبائی وزیرمیاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف پوری قوت سے کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ آن لائن ہوم ڈلیوری سسٹم پر کام کا آغاز ہو چکا ہے ، مختلف اضلاع میں30کسان مارکیٹیں فعال کر دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ20کلو آٹے کا تھیلا808روپے ،چینی 70روپے فی کلوگرام اورگھی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 180روپے فی کلو گرام مقرر ہے ۔اب انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبے بھر میں قیمتوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے ۔