لاہور(خصوصی نمائندہ،صباح نیوز)پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے صوبے میں کورونا وائرس کے حوالے سے حالات بزدار حکومت کے کنٹرول میںہیں،وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار صوبے بھر انتظامی تیاریوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا پنجاب میں کِٹس اور ویکسین کی تیاری پر ریسرچ جاری ہے ، ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو زکوٰۃ جاری کر دی گئی جبکہ تقریبا ایک کروڑ افراد امداد پروگرام کے لیے رجسٹرڈ ہو چکے ہیں،باقاعدہ جانچ پڑتال کے بعد ان افراد کو رقوم کی منتقلی شروع کر دی جائیگی۔ حکومت اکیلے کورونا کو شکست نہیں دے سکتی،ہمیں بطور قوم متحد ہو کر کورونا کے خلاف جنگ جیتنی ہے ،۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا میں بطور ترجمان سردار عثمان بزدار بی جے پی کے سوامی سبرامنین کے بیان کی پرزور مذمت کرتا ہوں،سبرامنیم سوامی کہتے ہیں 20 کروڑ مسلمان کسی بھی ملک کے لیے زہر قاتل ہیں،میں سمجھتا ہوں بھارتی ہٹلر کی زہریلی ذہنیت کی بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے ، وزیرِ اعظم عمران خان کئی ماہ سے دنیا کو اس خطے کے ہٹلر سے خبردار کر رہے ہیں،نریندر مودی کی پارٹی بی جے پی اور آر ایس ایس جرمن نازیوں کے یہودیوں کے ساتھ ظلم کو بھارت میں دہرا رہے ہیں۔اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں نریندر مودی کے انتہا پسندانہ اقدامات کا نوٹس لیں۔