لاہور(سپیشل رپورٹر)آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں کمیونٹی پولیسنگ کی بنیاد رکھی جا چکی ہے اور اس سلسلے میں نہ صرف عوامی خدمت سے متعلقہ اہم پراجیکٹس کو آپریشنل کیا جا چکا ہے بلکہ ان سے حاصل ہونے والے نتائج کی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سروسز کی ڈیلوری اور عوامی خدمت کے حوالے سے جدید بنیادوں پر قائم کئے گئے پنجاب پولیس کے پراجیکٹس سے حاصل ہونے والے نتائج اور فیڈ بیک اس قدر حوصلہ افزا ہے کہ ان پر ملکی و غیر ملکی ادارے باقاعدہ تحقیقی کام شروع کر چکے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خدمت مراکز کے حوالے سے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ اور عوامی خدمت کا یہ سفر اسی طرح جاری رہے گا اور پولیس سروسز کی ڈیلیوری کے اس نظام کے بڑے شہروں میں کامیاب ہونے کے بعد اب تحصیل کی سطح تک لیجایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو پولیس سے متعلقہ سروسز کے حصول کے لئے کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے اور نہ ہی طویل سفر کرنا پڑے ۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام خدمت مراکز کو جدید سہولیات سے مزین کرنے کے ساتھ ساتھ طے شدہ ایس او پیز کے مطابق جلد از جلد مکمل فعال کیا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ تمام موبائل خدمت مراکز بھی پندرہ جون تک ہر صورت مکمل کئے جائیں ۔