پنجاب پولیس میں گریڈ 21کے 3ایڈیشنل آئی جیز جبکہ گریڈ 20کے 9ڈی آ ئی جیز کی سیٹیں خالی پڑی ہیں اور دہشت گردی جیسے اہم ترین مسائل سے نمٹنے کے لئے خصوصی فورس سی ٹی ڈی کے دونوں اہم عہدے خالی پڑے ہیں۔ پولیس کا محکمہ ملک اور صوبوں مسائل، دہشتگردی اور دیگر خطرناک جرا ئم پر قابو پانے اور قانون نافذ کرنے والا اہم ترین ادارہ ہے لیکن حیران کن امر یہ ہے کہ اس محکمے کی اتنی اہم سیٹوں پر عرصہ سے کوئی تعیناتی ہی نہیں کی گئی جو بد انتظامی کے زمرے میں آتی ہے۔ ظاہر ہے جب متعلقہ افسروں کی اتنے اہم عہدوں پر تعیناتی ہی نہیں ہو گی تو اس سے نہ صرف پولیس کے محکمانہ معاملات متاثر ہونگے بلکہ انتظامی امور کے ساتھ ساتھ احتساب کا عمل‘ انکوائریز،محکمہ سے متعلقہ اشیا کی خریداری‘ مالی معاملات‘ عوام کی طرف سے شکایات کے ازالہ کا عمل، پولیس کی ویلفیئر اور ٹیم ورک خصوصاً دہشت گردی جیسے اہم مسائل سے نمٹنے میں تاخیر ہو گی ،جس کا اثر پورے صوبے کے انتظامی پہلو کو متاثر کر سکتا ہے۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ان خالی سیٹوں پر تعیناتی کے لئے جو سمریاں بھیجی گئی ہیں حکومت ان پر فوری کارروائی کرے اور ان اہم ترین پوسٹوں پر اعلیٰ پولیس افسروں کا تقرر کیا جائے تاکہ ان کی عدم موجودگی کی وجہ سے کام متاثر نہ ہوں اور حل طلب معاملات پر عمل درآمد کرایا جاسکے ۔