پنجاب پولیس آج کل معمول سے ہٹ کر خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے آئے روز پولیس کی طرف سے ملزمان پر تشدداور بدتمیزی کرنے کے متعدد واقعات سامنے آرہے ہیں اِسی لیے سوشل میڈیا پر پنجاب پولیس کی بے حسی اور پُر تشدد سرگرمیوں پر ہر کوئی تنقید کرتے ہوئے سوال اُٹھا رہا ہے کہ تبدیلی کا دعوی کرنے والی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بھی پنجاب پولیس کا رویہ تبدیل نہیں کر سکی ۔ پولیس ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی دن بدن گِرتی جا رہی ہے۔ عام طور پر ہمارے معاشرے میں یہ تاثر دیا جا تا ہے کہ عوام پولیس کو اپنا محافظ سمجھنے کی بجائے اپنا دشمن سمجھتی ہے اسی لیے تو عوام پولیس کی سکیورٹی میں اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں جب کہ پولیس کا تو بنیادی کام ہی عوام کی جان ومال کا تحفظ کرنا ہوتا ہے۔ یہ بات زبان زدِعام ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے الیکشن کے دنوں میں اپنی الیکشن کمپین کرتے وقت متعدد باراپنے جلسے اور جلوسوں میں یہ بات کہی تھی کہ اگر ملک میں پی ٹی آئی کی حکومت آ گئی تو ہماری حکومت پنجاب پولیس کے نظام کو ٹھیک کر کے دکھائے گی مگر ابھی تک کچھ نہیں بدلا۔ (محمد نواز بشیر )