لاہور(گوہر علی)عالمی مطالبہ پر پنجاب میں چھ لاکھ جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے محفوظ بنانے کے منصوبہ پر عملدرآمد شروع کردیا گیا،چار سالہ منصوبہ پنجاب کی تحصیلوں حاصل پور اور خیرپور ٹامیوالی میں شروع کیا جائے گا ،منصوبہ کے لئے پی سی ون تیار کرلیا گیا جس پرسیکرٹری لائیو سٹاک ندیم ارشاد کیانی جلد بریفنگ لیں گے ،منصوبہ کے لئے ایک کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے ،ذرائع کے مطابق منصوبہ رواں مالی سال میں شروع کیا جانا تھا تاہم رقم کی ادائیگی میں تاخیر کی وجہ سے اب شروع کیا گیا ہے ، منصوبہ سے پنجاب میں منہ کھر کی بیماری سے نجات ملے گی اور دنیا بھر میں پاکستان کے جانوروں کے گوشت کی مانگ میں اضافہ ہوگا،منہ کھر مہلک بیماری ہے جس سے گوشت کی مانگ میں انتہائی کمی ہوجاتی ہے ، دونوں تحصیلوں میں فری ڈیزیززون قائم کئے جائیں گے جن کے داخلی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی جہاں موجود عملہ بیمارجانور کو اس فری ڈزیز زون میں داخل ہونے سے روک دے گا ،جانوروں کی صحت کے بارے میں مختلف سروے کرائے اور بیماریوں سے بچانے کے لئے مختلف اقدامات کئے جائیں گے ، محکمہ لائیو سٹاک پنجاب نے جانوروں کو مزید بیماریوں سے بچانے کے لئے بھی اقدامات شروع کردیئے ہیں۔