وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب کابینہ نے اپنے تین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اجلاس میں ترقیاتی اور عوامی فلاح و بہبود کے کئی منصوبوں کی منظوری دی ہے۔ کابینہ نے کم آمدنی والوں کے لیے 35ہزار اپارٹمنٹس تعمیرکرنے کی منظوری دی ہے جس میں 50فیصد کوٹہ عوام کے لیے ہو گا۔ پہلے مرحلہ میں چار ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے ۔ایک فلیٹ کی قیمت 27لاکھ روپے ہو گی جس پر سبسڈی بھی دی جائے گی۔ اس میں صوبائی اور وفاقی ملازمین اور صحافیوں اور وکلا کا کوٹہ بھی مختص کیا گیا ہے۔ کابینہ نے 11ہزار چھوٹے ملازمین کو اگلے گریڈ میں ترقی دینے کے علاوہ میانوالی اور ڈی جی خان میں دو سیمنٹ پلانٹ لگانے کی منظوری اور کچی آبادیوں کو ریگولر کرنے کی سکیم پر نظرثانی کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی ہے۔اس وقت ملک بھر میں کم آمدنی والے لوگوں کو رہائش، تعلیم اور صحت سے متعلق لا تعداد مسائل کا سامنا ہے ،بلا شبہ صوبائی حکومت کے یہ ایسے فیصلے ہیں جن سے ان مسائل کے حل میں مدد ملے گی ،دوسرے صوبوں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہیے۔ ۔ پنجاب میں 35ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر سے سماج کے کئی طبقات نا صرف رہائشی سہولتوں سے مستفید ہو سکیں گے بلکہ ان کے معیار زندگی میںبھی بہتری لائی جا سکے گی۔ چھوٹے ملازمین کی اگلے گریڈوں میں ترقی ان کے لیے اطمینان کا باعث بنے گی۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ان منصوبوں پر جلد عمل درآمد کرایا جائے۔