لاہور(حافظ فیض احمد)پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبہ بھر کی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں خالی پلاٹوں کی تفصیلات جمع کرنے کے حوالے سے احکامات جاری کر دیئے جس پر محکمہ ایکسائز پنجاب نے کام شروع کر دیا ۔ذرائع کے مطابق خالی پلاٹوں کی تفصیلات حاصل کرنے کا مقصد پلاٹوں کے ریکارڈ کی اپ گریڈیشن کرنا ہے تاکہ ان کو سسٹم میں شامل کر کے ان سے ٹیکس وصولی کی جا سکے ۔ علاوہ ازیں قبضہ مافیا کیخلاف منظم کارروائی کرنے سمیت ایف اے ٹی ایف کی ہدایات پر عملدرآمد کرنا بھی ہے تاکہ پتہ چل سکے کہ کوئی غیر قانونی فنڈنگ رئیل اسٹیٹ کے کارروبار میں تو انویسٹ نہیں کی گئی ۔حکومتی احکامات جاری ہونے پر محکمہ ایکسائز پنجاب نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں خالی پلاٹوں سے متعلق کام شروع کر دیا اوراب تک ہزاروں کی تعداد میں خالی پلاٹوں کی اپ گریڈیشن بھی ہو چکی ہے جس میں یہ بھی پتہ چلایاگیا ہے کہ پلاٹ کس کے نام ہے ، اسکی مالیت کتنی ہے ،مالک کے ذمہ کتنا ٹیکس واجب الادا ہے ۔واضح رہے کہ 2016میں حکومت نے خالی پلاٹوں پر ٹیکس عائد کیا گیا تھا اور شرط عائد کی گئی تھی کہ پلاٹ فروخت سے پہلے اسے محکمہ ایکسائز سے این او سی لینا لازم ہوگا تاکہ پہلے ٹیکس وصول کیا جاسکے ۔اس حوالے سے محکمہ ایکسائز کے متعلقہ افسروں کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا سروے کر کے مالکان کو نوٹس جاری کریں جبکہ خالی پلاٹوں کی کیٹیگریز بھی بنائی گئی تھی ۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے مذکورہ اقدام سے قبضہ مافیا کیخلاف منظم کارروائی عمل میں لائے جاسکے گی جبکہ غیر قانونی فنڈنگ کی روک تھام بھی ہوگی ۔