لاہور (خصوصی نمائندہ، 92 نیوزرپورٹ،صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے پنجاب کے ہر شہری کو کورونا وائرس سے بچانا میرا مشن ہے ، کورونا وائرس کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔وزیر اعلی نے لاہور اور گردونواح کے علاقوں کا فضائی دورہ کرکے لاک ڈائون کی صورتحال کا جائزہ لیا،انہوں نے بند مارکیٹوں اور کمرشل سینٹرز کا بھی مشاہدہ کیا اور کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔لاہور شہراورگردونواح کے علاقوں کی سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابرتھی اورمارکٹیں سنسان نظر آئیں۔فضائی دورے کے بعد وزیر اعلی پنجاب نے کہاعوام کی صحت اور جان کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کئے ہیں، عوام گھروں میں رہیں گے تو کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم سے کم ہوگا،حکومتی اقدامات پرعملدرآمد کرنے پر پنجاب کے شہریوں،ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مختلف شہروں کے دورے کرکے حکومتی اقدامات کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔انہوں نے پابندیوں پر عملدرآمدکرانے پر پاک فوج،رینجرز اور پولیس کوخراج تحسین پیش کیااورکہاپاک فوج ، رینجرز اور پولیس کا کردار مثالی ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کے تحت 24 گھنٹے کے اندرمستحق افراد میں مالی امداد کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا۔ بزدار حکومت نے ایک لاکھ 70 ہزار زکوٰۃ مستحقین کومالی امداد کی مد میں ایک ارب 46 کروڑ47 لاکھ روپے کی رقم ٹرانسفر کردی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہم دعوے نہیں کرتے بلکہ عملی اقدام کرکے ریلیف دیتے ہیں ۔ دکھی انسانیت کی خدمت شوبازی سے نہیں عمل سے ہوتی ہے ،چیف منسٹر امداد پروگرام دیہاڑی دار طبقے کو ریلیف فراہم کرے گا ،پنجاب کی تاریخ میں یہ شفاف ترین اور تیز رفتار ترین مالی معاونت کا پروگرام ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیراعلیٰ آفس میں صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے ملاقات کی اورچیف منسٹر فنڈ برائے کوروناکنٹرول کیلئے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا لاہور چیمبر کے صنعتکاروں کی جانب سے چیف منسٹر فنڈ برائے کوروناکنٹرول میں چیک دینا قابل تحسین اقدام ہے ، صنعتکاروں کے جذبے کی قدر کرتے ہیں، مشکل کی گھڑی میں دکھی انسانیت کیلئے جذبہ خیر سے حوصلے بڑھتے ہیں اور دین بھی آزمائش کی گھڑی میں متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کا درس دیتا ہے ، پاک دھرتی آج ہم سے مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کا تقاضا کر رہی ہے ۔ صاحب حیثیت افراد نے مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ اپنے بہن بھائیوں کی دل کھول کر مدد کی ہے ، کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے حکومت بھرپور کاوشیں کر رہی ہے ،یہ جنگ عوام کی مدد سے ہر صورت جیتیں گے ۔