لاہور(انور حسین سمرائ) پنجاب حکومت کی طرف سے سرکاری اخراجات میں سادگی مہم کو یقینی بنانے کے احکامات کے برعکس صوبائی کابینہ کے 20 صوبائی وزرا نے الاٹ کئے گئے دفاتر کے علاوہ اپنے محکموں میں کیمپ آفس قائم کئے ہوئے ہیں جن کے اخراجات مبینہ طور پر محکمے ادا کرتے ہیں۔روزنامہ 92 نیوز کی تحقیقات کے مطابق صوبائی کابینہ کے 20 ارکان نے غیر قانونی طور پر اپنے محکموں میں کیمپ آفس قائم کیے ہوئے ہیں جہاں 10سے 12سرکاری اہلکاروں کے علاوہ ذاتی عملہ تعینات ہے ۔ ایک سے دو گاڑیاں بھی محکموں سے حاصل کی گئی ہیں، ان کیمپ آفسز پر ہونے والے لاکھوں کے اخراجات محکمے ادا کرتے ہیں، وزیر ماحولیات محمد رضوان کو نئے منسٹر بلاک میں 304 نمبر سوٹ الاٹ کیا ہے ، ان کی معاونت کیلئے سات اہلکاورں کا سٹاف بھی تعینات ہے لیکن انہوں نے اپنا کیمپ آفس نیشنل ہاکی سٹیڈیم فرسٹ فلور پر قائم کیا ہوا ہے ،ماحولیات ، حلقے سے 10سے زائد افراد کو اپنے ساتھ تعینات کیا ہوا ہے ۔ وزیر کا عملہ بلا اجازت مجاز اتھارٹی مختلف فیکٹریوں اور ویئر ہائوسز پر چھاپے مارتا ہے ، صوبائی وزیر یوتھ افیئرز ، سپورٹس ،سیاحت محمد تیمور خان کو 203 نمبر سویٹ الاٹ ہے جبکہ انہوں نے بھی نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں اپنا کیمپ آفس قائم کیا ہوا ہے ، وزیر آب پاشی محسن لغاری نے اپنے سویٹ کے بجائے محکمہ آب پاشی پرانی انارکلی میں کیمپ آفس قائم کیا ہوا ہے جہاں مستقل بیٹھتے ہیں،وزیر لیبر اینڈ ہیومن ریسورس عنصر مجید نیازی نے کیمپ آفس پنجاب ایمپلائیز سوشل سیکورٹی انسی ٹیوشن، وزیر سکول ایجوکیشن مراد راس نے اپنا کیمپ آفس پنجاب ٹیکسٹ بک اینڈ کاریکولیم اتھارٹی گلبرگ ، میاں محمود الرشید نے سویٹ نمبر 113 کے بجائے لیک روڈ پر سیکرٹری ہائوسنگ کے دفتر کے پاس دو کمروں میں اپنا کیمپ آفس قائم کیا ہے جبکہ ایک نجی گھر میں دبئی چوک میں بھی دفتر قائم کیا ہوا ہے ۔ راجہ راشد حفیظ نے الفلاح بلڈنگ فلور 5 پر،ملک نعمان لنگڑیاں نے ایگری کلچر ہائوس ڈیوس روڈ پر کمیٹی روم میں اپنا کیمپ آفس قائم کررکھا ہے یا پھر ایوان وزیر اعلی8کلب روڈ پر پائے جاتے ہیں ، وزیرخوراک سمیع اﷲ چوہدری نے ایم پی اے ہوسٹل کمرہ 310میں اپنا کیمپ آفس قائم کیا ہوا ہے ،وزیر ٹرانسپورٹ محمد جہانزیب خاں کچھی نے اپنے سویٹ 109 کے بجائے ٹرانسپورٹ ہائوس میں ، وزیر ایکسائز نے سرکاری رہائش گاہ 5اپرمال ، سردار حسنین بہادر دریشک نے اپنی سرکاری رہائش گاہ 4اپرمال پر، حافظ عمار یاسر نے الفلاح بلڈنگ میں ،مخدوم حسین جوان بخت سویٹ کے بجائے محکمہ خزانہ کے کمیٹی روم میں بیٹھنا پسند کرتے ہیں اور یہ ان کا کیمپ آفس ہے ۔ ڈاکٹر یاسمین راشد الاٹ سویٹ 101 کے بجائے دو کیمپ آفس رکھے ہیں، شوکت لالیکا نے لیک سٹی میں اپنا کیمپ آفس قائم کیا ہوا ہے ۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق نئے منسٹر بلاک کے سویٹ میں ایک منسٹر کا دفتر، ایک ریٹائرنگ روم، ایک کمپیوٹر روم، ایک سٹاف روم، ایک کیچن اور ایک باتھ روم ہے جبکہ یہ سویٹ سنٹرلی ائرکنڈیشنر وفلی فرنشڈ ہے ،نئے منسٹر بلاک میں دو بڑے کمیٹی رومز ہیں جن میں صوبائی منسٹر اپنے محکموں کی میٹنگز لے سکتے ہیں لیکن کوئی بھی وزیر یہاں میٹنگز کرنے کو گریز کرتا ہے ۔صوبائی وزیر برائے اعلی ٰتعلیم یاسر ہمایوں نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ محکموں میں آفس رکھنے سے عوام کے مسائل حل کرنے میں آسانی ہوتی ہے کیونکہ تمام محکمے سول سیکرٹریٹ میں نہیں جبکہ نیا منسٹر بلاک جہاں دفاتر دیئے گئے ہیں وہ سول سیکرٹریٹ سے ملحقہ ہے ۔ کیمپ آفس میں اخراجات پر انہوں نے کہا کہ وہ اپنے آفس کا خرچہ خود برداشت کرتے ہیں، وزرا کی طرف سے محکموں پر اخراجات بہت کم ہیں ۔ محکموں کے کاموں کی سپرویژن کے لئے وزرا نے محکموں میں دفاتر رکھے ہوئے ہیں۔