لاہور (جنرل رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی حکومت اور صوبائی کابینہ کی سفارشات کی روشنی میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔تعلیمی ادارے ، شادی ہال، ریسٹورنٹ، پارک اور سینما ہال بند رہیں گے ۔ سیکریڑی پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن (ر)محمد عثمان نے کہا کہ سماجی و مذہبی اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں کے لئے اکٹھ کی اجازت نہیں ہو گی، تمام کاروباری مقامات صبح 9 سے شام 7 بجے تک، پیر تا جمعہ کھلے رہیں گے ،میڈیکل سٹور، پنکچر شاپ، آٹا چکی تندور، زرعی ورکشاپس 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت ہو گی،کال سنٹرز کو 50 فی صد سٹاف کے ساتھ کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی،بین الاضلاع ٹرانسپورٹ 24 گھنٹے چلنے کی اجازت ہو گی،گروسری اور کریانہ سٹور صبح 9 سے شام 7 تک ہفتہ بھر کھلے رہیں گے ،تمام چرچ صرف اتوار کو صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کے لئے کھلے رہیں گے ۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور اور 15جون تک نافذ العمل رہے گا۔ ادھر سندھ حکومت نے انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ کی اجازت دے دی،ٹرانسپورٹرز شہر کے اندربسیں چلا سکتے ہیں، آن لائن بس سروس کو بھی کام کرنے کی اجازت دے دی گئی۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ٹرانسپورٹرز کو حکومتی ایس او پیز پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔