لاہور(انور حسین سمرائ) پنجاب حکومت نے صوبے میں اہم سیاسی، انتظامی،حکومتی شخصیات اورچینی شہریوں کو فول پروف سکیورٹی دینے کیلئے موجودہ مالی سا ل میں 5ارب 64 کروڑروپے خرچ کئے ۔ وی آئی پیز اور غیر ملکی افراد کو سیکورٹی فراہم کرنے کے پنجاب پولیس کے 10270اہلکار اور افسران تعینات رہے جن میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے 9501جبکہ ایلیٹ پولیس کے 796 جوان و افسر شامل ہیں ۔پنجاب حکومت کے ایک سینئر اہلکار نے بتایاصوبہ میں پاک چائنا اکنامک کوریڈور کے منصوبہ جات پر 2500 چینی انجینئرز اورکارکن کام کررہے ہیں جبکہ دیگر نجی منصوبہ جات اور بزنس سنٹرز میں 2500چینی شہری کام کرتے ہیں، ان چینی باشندوں کی سیکورٹی کے لئے پنجاب حکومت نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ قائم کیا جس میں160افسران سمیت 9501 سیکورٹی اہلکار تعینات ہیں جبکہ یونٹ کی سربراہی ایک ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کرتے ہیں۔ موجودہ مالی سال کے دوران یونٹ کے جاری اخراجات پورے کرنے کے لئے پنجاب حکومت کو 4ارب 82کروڑ91لاکھ کے فنڈز استعمال کرنا پڑے جبکہ نئے مالی سال 2020-21میں یونٹ کی نفری میں 10 افراد کی کمی کی گئی ہے اور اخراجات کی مد میں 2ارب 42کروڑ67لاکھ کے اخراجات مختص کیے گئے ہیں۔موجودہ مالی سال کے دوران ایلیٹ پولیس کے اخراجات کے لئے 81کروڑ 10لاکھ کے فنڈز فراہم کئے ، ایلیٹ پولیس کی صوبہ بھر میں63 افسران سمیت کل نفری 796 اہلکاروں پر مشتمل ہے ۔نئے مالی سال 2020-21میں ایلیٹ پولیس کے اخراجات پورے کرنے کے لئے ایک ارب ایک کروڑ 20لاکھ کے فنڈز رکھے گئے ہیں۔سینئر پولیس اہلکار نے بتایا ایلیٹ فورس 1998میں ہائی رسک سرچ، ریڈز ، ریسکیو آپریشن ، دہشتگردوں کے خلاف آپریشن اور وی آئی پیز کی سیکورٹی کیلئے بنائی گئی تھی جبکہ محکمہ انسداد دہشتگردی 2015میں قائم کیا تھا، محکمہ انسداد دہشتگردی کے قیام کے بعد ایلیٹ پولیس کی ڈیوٹی وی آئی پیز کی سیکورٹی تک محدود ہوچکی ہے ۔ پنجاب حکومت نے موجودہ مالی سال کے دوران انسداد دہشت گردی فورس کے 392افسران سمیت 5739اہلکاروں پر 5ارب 16کروڑ80لاکھ کے فنڈز استعمال کئے ،11 افسروں کو سپیشل سکیل دیا گیا۔