لاہور،ملتان(خصوصی نمائندہ،سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں خصوصی اجلاس ہواجس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید،چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے سول حکومت کوحفاظتی اقدامات اوردیگر امور پر ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ کورونا وباء پر قابو پانے اور متاثرہ مریضوں کے بہترین علاج معالجے کیلئے کاوشوں کومزید تیز کیا جائے گا،اجلاس میں پنجاب میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے پر اتفاق اور فیصلہ کیاگیا کہ متاثرہ علاقوں کو کورونا وائرس سے کلیئر ہونے تک سیل رکھاجائے گا اوردفعہ144کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا کورونا وائرس کے مرض کی تشخیص کیلئے روزانہ 3100ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی،صوبے میں ٹیسٹنگ سہولت کی استعداد کار جلد 10ہزار تک بڑھائی جائے گی، کوروناکے مرض کی تشخیص کیلئے 8نئی لیبز بنا رہے ہیں،3لیبزجلد فنکشنل ہوجائینگی،قیدیوں کی سکریننگ شروع کردی ، مستحق افراد کو 12ہزار روپے مالی امداد دیں گے ،کاشتکاروں سے 1400روپے فی من گندم خریدی جائے گی۔اجلاس میں ڈاکٹروں،نرسوں اورپیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو سراہا گیاجبکہ پولیس،پاک فوج اوررینجرز کے افسروں و اہلکاروں کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے لاہور، ملتان،ساہیوال،کمالیہ اورمیاں چنوں کا فضائی دورہ کرکے لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جا ئزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے فضائی دورے کے دوران بند مارکیٹوں،تجارتی مراکز کا مشاہدہ کیااور سڑکوں پر ٹریفک اور ناکوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے فرائض سرانجام دینے والے پولیس، پاک فوج اوررینجرز افسران و جوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاحکومت نے عوام کو کوروناوباء سے بچانے کیلئے ہرضروری اقدام اٹھایا ہے ، شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ بلاضرورت باہر نہ نکلیں۔ وزیراعلیٰ نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائی میں شہید ہونے والے 2 سکیورٹی اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مسیحی برادری کو ایسٹرکی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کوروناکے پیش نظر ایسٹرپر گرجا گھروں سے مذہبی رسومات اور عبادات کا آن لائن انعقاداہم اقدام ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا پنجاب حکومت کورونا وباء کی صورتحال سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ کھڑی اوراپنے وعدے کی تکمیل کے لئے دن رات کوشاں ہے ،کورونا کے متاثرین کی مدد کے لئے فنڈ کی رقم مستحق لوگوں تک پہنچے گی۔ نادار،غریب اوربے سہارا افراد کو کسی صورت حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے ۔معروف صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی سے گفتگو میں انہوں نے کہاجنوبی پنجاب میں کورونا وائرس کنٹرول میں ہے ،آنے والے دنوں میں ہم عوام کو مزید خوش خبریاں دیں گے ، کورونا کی جنگ کے اگلے محاذ پر لڑنے والے ڈاکٹرز کوکبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے ،ملتان میرا دوسرا گھر ہے جہاں آنا اور رہنا مجھے ہمیشہ سے پسندہے ۔ سابق صدر ملتان اور ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس خواجہ جلال الدین رومی نے وزیر اعلی پنجاب کو بتایا محمود گروپ آف انڈسٹریز نے وزیر اعظم کورونا رلییف فنڈ میں نہ صرف حصہ ڈالا بلکہ حکومت کو اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔