اسلام آباد(قاسم نواز عباسی)پنجاب اور خیبرپختونخوا کی سرکاری یونیورسٹیوں کے نئے وائس چانسلرز کیلئے تین تین ناموں کا انتخاب کر لیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ ہا ئیر ایجوکیشن پنجاب کی سرچ کمیٹی کی طرف سے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور میں پروفیسر ڈاکٹر نسیم احمد ،چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز بہاولپور میں پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد خان ، زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں پروفیسر ڈاکٹر مسرور الٰہی بابر ، ویمن یونیورسٹی صوابی میں پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی، گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں پروفیسر ڈاکٹر افتخار، مانسہرہ یونیورسٹی میں پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد، یو ای ٹی مردان میں پروفیسر ڈاکٹر نعیم الرحمن، خوشحال خان خٹک یونیورسٹی میں پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی کی بطور وائس چانسلر تقرری کی سفارش کی گئی ہے ۔ سرچ کمیٹی کی طرف سے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور کے نئے وائس چانسلر کیلئے پروفیسر ڈاکٹر نسیم احمد کو پہلے نمبر پر اور چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز بہاولپور کیلئے پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد خاں کی سفارش کی گئی ہے ۔پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد خان زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ڈین فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ خیبر پختونخو احکومت نے ڈاکٹر عطا ء الرحمن کی سربراہی میں سرچ کمیٹی بنائی تھی جس نے کے پی کے کی 8 سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کیلئے حتمی تین تین نام پیش کئے ہیں۔ مذکورہ بالا ناموں میں سے حتمی نام منتخب کرکے جلد نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے ۔