لاہور ، پشاور ( جنرل رپورٹر ، خبر نگار ) لاہور سمیت پنجاب کے تمام بڑے ہسپتالوں میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کی اپیل پر ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف ہڑتال 10ویں روز بھی جاری رہی، ہسپتالوں کی او پی ڈیز ، لیبارٹریز ، ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹس اور آپریشن تھیٹرز بند رہے ، دور دراز سے آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات و پریشانی کاسا منا کر نا پڑا ، گرینڈ ہیلتھ الائنس نے سوموار کو پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے اور لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر دیا ، ہفتہ کے روز میو ہسپتال ، جناح ہسپتال ، شیخ زید ہسپتال ، گنگا رام ہسپتال ، جنرل ، چلڈرن ، سروسز ، پی آئی سی اور دیگر ہسپتالوں میں او پی ڈیز اور دیگر شعبوں میں ہڑتال کے باعث مریض خوار ہوتے رہے ، وائے ڈی اے پنجاب کے صدر ڈاکٹر قاسم اعوان نے کہا ہے صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ہڑتال کامیابی کے ساتھ جاری ہے سوموار کو ڈاکٹرز پنجاب اسمبلی کے باہر لانگ مارچ کریں گے ، دھرنا دیں گے ، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کہہ رہی ہیں کہ میں سب کو معطل کر دوں گی ، جب بھی اسمبلی کا اجلاس ہوگا اسی دن لانگ مارچ کر دیں گے ، وزیر اعلی پنجاب کی کمیٹی نے گرینڈ الائنس کے رہنماؤں سے ملاقات کی، اس موقع پر گرینڈ الائنس کے عہدیداروں نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار صاحب کی طرف سے خیر سگالی پیغام کا خیر مقدم کرتے ہیں ، ملاقات میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے عہدیداروں نے کہا وزیر صحت کے اشتعال انگیز ، جارحانہ بیانات ، دھمکیوں اور انتقامی کاروائیوں کے پیش نظر ہسپتال ملازمین بشمول ڈاکٹرز، نرسز، الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز اور پیرامیڈکس میں شدید غم و غصہ ہے ، وزیراعلی پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیر صحت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات پر پابندی عائد کریں، مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔ راولپنڈی کے تینوں الائیڈ ہسپتالوں کی او پی ڈی میں9روزہ ہڑتال کے بعد ہفتہ کے روزینگ ڈاکٹرز سڑکوں پر نکل آئے ، مری روڈ پر دھرنا دیااور شدید نعرہ بازی کی ، ایک گھنٹہ روڈ بند رہا۔ دریں اثنا خیبر پختونخوا کے ہڑتالی ڈاکٹرز ریجنل اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بل پر گورنر کے دستخط نہ ہونے تک احتجاج میں شدت لانے کی کوشش کررہے ہیں ، ثالثی کمیٹی نے بھی گھٹنے ٹیک دئیے ، احتجاج بدستور جاری ہے ، ڈاکٹروں کے اپوزیشن جماعتوں اور حکومتی نمائندوں سے بیک ڈور رابطے جاری ہیں۔