لاہور(خصوصی نمائندہ)اپوزیشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے میاں نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہ دینے کے فیصلے کے خلاف صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے واک آئوٹ کیا ،سپیکر اور صوبائی وزیر قانون نے مسلم لیگ(ن) کو عدالت سے رجوع کرنے کا مشورہ دے دیا ،اسمبلی فلور پر صرف نکتہ نظر پیش کیا جا سکتا ہے ۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے پانچ منٹ کی تاخیر سے سپیکر چودھری پرویز الہی کی صدارت میں شروع ہوا،اپوزیشن سے ن لیگ کے ملک احمد خان نے کہا ہم نے پنجاب حکومت کو بتایا کہ ڈاکٹرز نے کہامیاں نواز شریف کی ابھی فوری سرجری نہیں ہو سکتی، اس سے قبل ن لیگ کے ممبر رانا اقبال نے کہا کہ میاں نواز شریف سے متعلق پنجاب کابینہ کا فیصلہ افسوسناک ہے ،نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا ،اس موقع پر حکومتی بینچوں سے ’’جھوٹ‘‘ کا لفظ کہا گیا جسکے جواب میں اپوزیشن نے ’’چینی چور‘‘ کے نعرے لگائے ،سپیکر کی مداخلت سے ہائوس میں آرڈر بحال کیا گیا،رانا اقبال نے کہا کہ نواز شریف کی بیماری کا مذاق اڑایا جا رہا ہے اس سے قبل کلثوم نواز مرحومہ حوالے سے بھی حکومت کا یہی رویہ رہا، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے میاں نواز شریف کو کچھ شرائط کے ساتھ 8 ہفتے کی ضمانت ملی تھی اور خصوصی کمیٹی نے مزید 8 ہفتے کا وقت بھی دیا،مزید قانونی کارروائی کے لیے وفاقی حکومت کو رپورٹ بھجوائی جا رہی ہے ،سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ن لیگ کے پاس عدالت جانے کا آپشن ہے ،پہلے بھی ریلیف عدالت سے ہی حاصل کیا تھا،اسمبلی میں شور سے کچھ حاصل نہ ہو گا ،آپ عدالت سے رجوع کریں،ہو سکتا ہے آپکو ریلیف مل جائے ۔ سپیکر نے حکومتی ممبر اسمبلی طلعت نقوی کو ہائوس ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سخت الفاظ میں وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ میں پورے سیشن کے لئے آپکی رکنیت معطل کر سکتا ہوں،رولز کو معطل کرتے ہوئے کبڈی ٹیم کو جیت کی مبارک اور کرکٹ ٹیم کی طرز پر مراعات دینے کے لئے تحریک پیش کی گئی جو متفقہ طور پر منظور کر لی گئی،تحریک حکومتی ممبر واثق قیوم نے پیش کی، گرین انٹرنیشل یونیورسٹی بل(2020)ہائوس میں پیش کیا گیا ،سپیکر نے بل کو متعلقہ سٹینڈنگ کمیٹی کو بجھوانے کی ہدایت کے ساتھ اس پر دو ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کا بھی کہا،ضلع سرگودھا سے مسلم لیگ(ن)کے ممبر اسمبلی لیاقت علی کی والدہ کے لئے فاتح خوانی بھی کی گئی،سپیکر نے ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا۔ لاہور(خبرنگارخصوصی)مسلم لیگ ن کے ارکان پنجاب اسمبلی کا قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ ،مظاہرین نے مہنگائی کے خلاف کتبے اٹھا رکھے تھے ناور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں حمزہ شہباز نے کہا کہ میاں نواز شریف کی بیماری پر حکومت سیاست کررہی ہے اور سلیکٹڈ حکمران اندھے سیاسی انتقام پر اتر آئے ہیں جیسے ہی وہ ٹھیک ہونگے وہ وطن واپس بھی آ جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ جو توقعات اور سبز باغ دکھائے گئے وہ بجلی ا ور گیس کے بلوں کی صورت میں بم بن کر برسے ہیں،ہر چیز کا منطقی انجام ہوتا ہے لیکن ان سے مہنگائی کنٹرول نہیں ہورہی۔انہوں نے کہا کہ18 ماہ ہو گئے ہیں میری ایک ہی بات ہے اگر یہ حکومت ن لیگ کی نسبت 25 فی صد بھی پرفارم کر جائے تو شاباش دوں گا، شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت اور یوسف عباس کی رہائی پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ سچ کے سامنے جھوٹ نہیں ٹھہر سکتا،سچائی ہمیشہ سچائی ہو تی ہے ،جھوٹ کے بادل بہت جلد چھٹ جائیں گے ۔