ڈیرہ غازیخان/اسلام آباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر/ نیوز ایجنسیاں ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے انتخابات کے موقع پر پولنگ ایجنٹوں کو موبائل فون ساتھ رکھنے کی اجازت دینے کے لئے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔شہباز شریف کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) سردار محمد رضا کے نام لکھے جانے والے خط میں پولنگ ایجنٹس پر موبائل فون کی پابندی پر اپنے گہرے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پولنگ ایجنٹس پر موبائل فون لانے پر پابندی پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ پولنگ ایجنٹ اور الیکشن ایجنٹ کو موبائل فون رکھنے کی اجازت دی جائے ۔ درخواست کے مطابق اگر پولنگ عملے کو موبائل رکھنے کی اجازت ہے تو پولنگ ایجنٹ پر پابندی کیوں?علاوہ ازیں شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا نواز شریف پر جیل میں ظلم ہو رہا ہے ، ہمارا قصور یہ ہے کہ نواز شریف نے ملک کو ایٹم بم دیا، اندھیرے دور کئے ۔انہوں نے کہا بہتان خان ہر وقت یو ٹرن لیتا ہے ،پورے ملک میں یو ٹرن کے نشان ختم کر دو، عمران کی تصویر لگا دو،سب لوٹے کرپٹ عمران کی پارٹی میں ہیں جبکہ ڈیرہ غازی خان ائیرپورٹ پر پی ٹی آئی کارکنوں اور سرائیکی تنظیموں نے شہبازشریف کیخلاف احتجاج کیا اور لیگی رہنمائوں کا گھیرائو کیا۔دریں اثناء سابق چینی سفیر سن ویڈونگ نے صدر مسلم لیگ(ن)شہباز شریف کو خط لکھ کر کہا ہے کہ امید ہے آپ دو طرفہ تعلقات کو آئندہ بھی مزید مضبوط کرتے رہیں گے ۔سابق چینی سفیر سن ویڈونگ نے خط میں لکھا پاک چین دوستی ہر مشکل گھڑی میں قائم رہی اور زیادہ مضبوط ہوئی، خوشی ہے ہمارے دو طرفہ تعلقات زندگی کے ہر شعبے میں ہیں۔سابق چینی سفیر نے لکھا بطور وزیرِاعلیٰ پنجاب آپ کا تعاون سی پیک کیلئے بہت اہم تھا،شہباز شریف نے خط پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا ہے ۔