لاہور،اسلام آباد ،بنوں (اپنے سٹاف رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر ، خبر نگار خصوصی ،نمائندہ 92نیوز ) ملک بھر میں تیسرے روز بھی انسداد پولیو مہم جاری رہی ،گزشتہ روز بھی لاکھوں بچوں کو پو لیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے ، بنوں میں پولیو ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر یوسی سیکرٹری، متعدد اہلکار برخاست کر دئیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق ڈی سی لاہوردانش افضال نے کہا کہ 19لاکھ پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ پورا کیا جا رہا ہے ۔ بنوں میں انسداد پولیو مہم کے دوران غفلت برتنے پر ڈپٹی کمشنر نے سرکاری اہلکاروں کو نوکریوں سے برخاست کر دیا ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر علمائے اہلسنّت، مفتیانِ کرام نے پولیو ویکسین کے حق میں اجتماعی فتویٰ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پولیو ویکسین میں کوئی حرام مادہ موجود نہیں اور قطرے پلانے میں دینی و شرعی اعتبار سے کوئی ہرج نہیں ،قطرے پلانا والدین کا شرعی، قانونی اور اخلاقی فرض ہے ، پولیو مہم میں رکاوٹ پیدا کرنا بدترین گناہ، سنگین جرم اور انسانیت دشمن عمل ہے ۔ فتویٰ جاری کرنے والے مفتیوں میں مفتی حسیب قادری، مفتی مقیم خان ، صاحبزادہ دائود رضوی، حامد سرفراز قادری، مفتی یونس رضوی، سیّد فدا حسین شاہ حافظ آبادی، سیّد شمس الدین بخاری،مولانا عبداﷲ چشتی، مفتی شعیب منیر رضوی ، آصف رضا قادری، مفتی حبیب رضا قادری، مولانا حافظ محمد اکبر جتوئی اور دیگر شامل ہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے پولیو ویکسین میں کوئی غیر شرعی چیز نہیں ، وزیراعظم صحت کی موجودہ ٹیم کو تبدیل کریں ان کی نا اہلی سے پولیو پر قابو نہیں پایا جا سکتا۔