واشنگٹن(نیٹ نیوز)کیلیفورنیا امریکہ کی پہلی ریاست بن گئی ہے جہاں جانوروں کی پوستین یعنی بال والی کھال سے بنی چیزوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ کیلیفورنیاکے شہری 2023 ء سے کھال سے بنے کپڑے ، جوتے اور ہینڈ بیگز کی خرید وفروخت نہیں کر سکیں گے ۔ کچھ عرصے سے اس پابندی کا مطالبہ کرنیوالی جانوروں کے حقوق کی تنظیموں نے فیصلے کی حمایت کی ہے ۔ اخبار سان فرانسیسکو کرانیکل کے مطابق یہ قانون چمڑے اور گائے کی کھالوں پر لاگو ہوگا اور نہ ہی اس سے ہرن، بھیڑ اور بکرے کی کھالوں کی خرید و فروخت پر اثر پڑے گا۔ یہ قانون ان مردہ جانوروں پر بھی لاگو نہیں ہوگا جنھیں مصنوعی طریقوں سے محفوظ رکھا گیا ہے ۔قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 500 ڈالر کا جرمانہ عائد ہوگا۔ متعدد مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر یہ جرمانہ 1000 ڈالر ہوگا۔گورنر کیلیفورنیا گیون نیوسم نے ایک دوسرے قانون کی بھی منظوری دی ہے جس کے مطابق اب سرکس شوز میں سوائے بلی، کتے اور گھوڑے کے سرکس کے اکثر جانور شامل نہیں کئے جا سکیں گے ۔