روز نامہ 92نیوز کی رپورٹ کے مطابق آئی جی پولیس پنجاب نے لاہور سمیت صوبے بھر میں ہونے والے سنگین جرائم میں ملوث ملزموں کو سزائیں دلوانے والے پولیس کے تفتیشی افسران کو نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے اور اس کے لیے سکیم کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ دیکھا جائے تو جرائم پیشہ افراد اور نااہل اور غیر ذمہ دار تفتیشی افسران کا باہمی تال میل ہی جرائم کی بیخ کنی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ملزموں کے سزا سے بچ نکلنے کی سب سے بڑی وجہ ناقص تفتیش ہی ہوتی ہے، اس سے ملزموں کو کور یلیف ملتاہے اور وہ دوبارہ جرائم کا ارتکاب کرتے ہیں۔ ناقص چالان اور ناقص شہادتوں کی وجہ سے ملزمان باآسانی ضمانت پر رہا ہوکر دوبارہ جرائم کے راستے پر چل پڑتے ہیں۔ قبل ازیں آئی جی پولیس کی جانب سے ناقص تفتیشی چالان پیش کرنیوالے افسروں کو سزا دینے کا عندیہ بھی دیا گیا تھا۔ اس طرح اب ذمہ دار تفتیشی افسران کے لئے نقد انعامات کی روا یت پولیس کی کارکردگی میںبہتری کا باعث بنے گی اور محنتی اور دیانتدار پولیس افسروں کو ان کا صلہ مل سکے گا۔ دوسرے صوبوں کو بھی اس سلسلہ میں پنجاب پولیس کی تقلید کرنی چاہیے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اس انعامی سکیم پر جلد عملدرآمد کیا جائے تا کہ ملک بھر کے اہل اور ذمہ دار تفتیشی پولیس افسران کی حوصلہ افزائی ہو اور مجرموں کو بر وقت سزا ملے اور جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح پر قابو پا یا جا سکے۔