لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ سردار حسنین بہادر دریشک نے کہاہے کہ پولٹری کی صنعت 15 لاکھ افراد کو روزگار فراہم کر رہی ہے اورغذائیت سے بھرپور خوراک مہیاکرنے کا اہم ذریعہ ہے ،حکومت اس صنعت کی حوصلہ افزائی اور فروغ دینے کیلئے مزیداقدامات کریگی۔انہوں نے کہاکہ برائلرمرغی کے گوشت میں کسی بھی بیماری کے ابھی تک کوئی سائنسی شواہد سامنے نہیں آئے ہیں۔انہوں نے یہ بات انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں یونیورسٹی آف وٹرنریری اینڈ اینیمل سائنسز( UVAS)کے تعاون سے خواتین کی بیضہ دانی میں رسولیاں بننے کی بیماری،خوراک و طرز زندگی کا دخل کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار میں UVASکے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر نسیم احمد، چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول ، ڈین آئی پی ایچ پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہرودیگر نے شرکت کی۔