اسلام آباد (سٹاف رپو رٹر،92 نیوزرپورٹ) آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کے زیر صدارت اہم اجلاس میں پولیس کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ جمعیت علمائے اسلام کے آزادی مارچ کو اسلام آباد سے باہر ہی روکا جائیگا۔ذرائع کے مطابق جے یو آئی (ف) کے ممکنہ آزادی مارچ کے حوالے سے مشاورتی اجلاس میں ڈی آئی جی سکیورٹی، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈائریکٹر سیف سٹی، آر پی او راولپنڈی، ڈی پی او نوشہرہ، ڈی پی او اٹک اور موٹروے پولیس کے افسروں نے شرکت کی۔پولیس حکام نے آزادی مارچ اور دھرنے کے دوران امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے حوالے سے غور کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بناتے ہوئے مارچ کے شرکا کو اسلام آباد سے ہی باہر روکا جائیگا۔شہریوں کی آزادانہ نقل وحرکت کو یقینی بنانے کیلئے شہر بھر میں سکیورٹی کے بھی مناسب انتظامات کئے جائینگے ۔علاوہ ازیں اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ کی پولیس نے دھرنے کے شرکا اور منتظمین کو سہولیات فراہم کرنے پر پابندی عائد کردی ۔ تھا نہ آبپارہ کے ایس ایچ او کی جانب سے احتجاجی مظاہرین کو سامان فراہم کرنیوالوں کیلئے ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا۔ مراسلہ میں آگاہ کیا گیا ہے کہ کیٹرنگ، ٹینٹ سروس، ہوٹلز، جنریٹرز، ساونڈ سسٹم سمیت کوئی بھی چیز دھرنا والوں کو نہ دی جائے ۔ اگر کوئی بھی ایسی کسی بھی سرگرمی میں ملوث پایا گیا تو اس کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائیگی۔