شرقپور شریف ، چیچہ وطنی، بھلوال،راہوالی، ساہیوال (نمائندہ 92نیوز، نامہ نگار ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) مختلف علاقوں میں پولٹری ایسوسی ایشنز کی جانب سے حکومتی رویہ کیخلاف ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے باعث شہری برائلر گوشت کیلئے شدید پریشانی کا شکار ہیں ، شرقپور شریف ،ساہیوال، چچہ وطنی،راہوالی اور بھلوال سمیت مختلف علاقوں میں مرغی فروشوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم حکومتی ریٹ 260روپے فی کلو برائلر گوشت فروخت نہیں کر سکتے کیونکہ فارمز سے مرغی مہنگی ملتی ہے ، حکومت پہلے فارمز کو 160روپے فی کلو ریٹ یقینی بنائے اور پھر ہمیں 260روپے فی کلو گوشت دینے کا حکم دے ، تفصیلات کے مطابق شرقپور شریف میں برائلر گوشت فروخت کرنے والے دکانداروں کی ہڑتال کے باعث شہریو ں کو برائلر گوشت دستیاب نہ ہو سکا ، تحصیل شرقپور میں پولٹری ایسوسی ایشن کااحتجاجی اجلاس بھی ہوا جس میں عہدیداروں نے کہا کہ انتظامیہ بلا جواز جرمانے کر رہی ہے ، راہوالی میں بھی حکومتی رویہ کیخلاف احتجاج کیا گیا۔ بھلوال میں چکن شاپس بند رہیں ، چیچہ وطنی، بھلوال، ساہیوال میں انجمن پولٹری ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ریٹ پر برائلر گوشت فروخت نہیں کر سکتے ۔ حکومت پنجاب نے 260روپے فی کلو چکن کا ریٹ مقرر کیا ہے جبکہ ہماری کاسٹ 290روپے فی کلو ہے ۔ اگر حکومت سرکاری ریٹ 260روپے فی کلو مقرر کرنا چاہتی ہے تو فارمر کو پابند کرے کہ وہ ہمیں 160روپے فی کلو ریٹ کو یقینی بنائے ۔ یہ ہڑتال تب تک جاری رہے گی جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں کئے جاتے ۔