لاہور(میاں رؤف)ملکی تاریخ میں پہلی بار صوبہ بھر میں درج ہونے والے مقدمات کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا عمل شروع ،پی ایم آر آئی ایس سسٹم کے سبب روزانہ کی بنیاد پرجرائم کے اعدادوشمار آئی جی پنجاب کی میز پر آئیں گے ،نئے اقدام سے پولیس افسروں بالخصوصی شعبہ انویسٹی گیشن سے متعلقہ شخصیات کی مشکلات بڑھ گئیں ،ذرائع کے مطابق عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ کے براہ راست ذمہ دار ادارے پنجاب پولیس میں پی ایم آرآئی ایس نامی ڈیجیٹل سسٹم متعارف کروا دیا گیا ، آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایت پرلاہور سمیت پنجاب بھر میں روزانہ کی بنیاد پرچوری ، ڈکیتی ، اغوا برائے تاوان، قتل سمیت تمام دفعات کے تحت درج ہونے والے مقدمات کا اندراج لازمی کیا جائے گا،تمام مقدمات کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ منظم انداز میں کی جائے گی،مقدمات کی بابت ہونے والی تفتیش، گرفتاری،عبوری ضمانت،چالان،عدالتی فیصلے ،اورصلح کی تفصیلات بھی پی ایم آرآئی ایس میں اپ لوڈ کرنا لازم ہوں گی،روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے جرائم اور ان کے حوالے سے پولیس کی کارکردگی ،آئی جی آفس میں دکھائی دے گی۔ ذرائع نے بتا یا کہ آئی جی پنجاب پولیس نے آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے وہ نئے سسٹم پی ایم آر آئی ایس کو فعال بنانے کے حوالے سے اپنا متحرک کردار ادا کریں،تاکہ مظلوم کوانصاف اورملزمان کوسزادلوانے کے حوالے سے معاملات میں بہتری آتی جائے ۔ذرائع کے مطابق نئے سسٹم کی وجہ سے کسی بھی تفصیل کی مسنگ پرسسٹم میں الرٹ جاری ہوگا،جس کا خود آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نوٹس لیں گے ۔