لاہور(سپیشل رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کہا ہے کہ پولیس افسر کا مذہب صرف ایک ہے اور وہ ہے انسانیت۔تمام مکاتبِ فکر اور مسالک کے لوگوں کا تحفظ نیز محرم الحرام کی مجالس اور عزاء داری جلوسوں کی بھرپورسکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے ۔ پولیس افسران امن کمیٹی ، شیعہ علمائے دین اور لائسنس ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔ محرم الحرام کے پروگراموں کے پرُامن انعقاد میں ایس ایچ اوز کا کلیدی کردار ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ایس پیز ، ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز ، چوکی انچارجز اور محرران کا اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔اشفاق خان نے کہا کہ تمام افسران پُر امن محرم یقینی بنانے کیلئے مختلف مسالک کے آپسی تنازعات حل کروا کرتحریری معاہدے اور ضمانتی مچلکے لازمی لیں۔ دریں اثنا اشفاق خان نے کہا ہے کہ ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کے اہلکارمحرم الحرام کی آمد کے پیش نظر جرائم پیشہ عناصر اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ ون ویلنگ اور پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف بھرپورکارروائی عمل میں لائی جائے ۔