لا ہو ر ( کر ائم ر پو ر ٹر )لاہور پولیس اور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے اشتراک سے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد سی سی پی او لاہور بی اے ناصر اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان کی ہدایت پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز سید کرارحسین کے زیر انتظام پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں کیا گیا۔ تربیتی ورکشاپ کے دوران چائلڈ پروٹیکشن لیگل آفیسر مس صباء نے بچوں کے متعلق قوانین سے آگاہی کے متعلق لیکچر دیا۔ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر رضوان حیدر، محمد امین اور زہرا عمر نے بچوں کے حقوق اور تحفظ کے حوالے سے احتیاطی اقدامات کے متعلق آگاہی لیکچرز دیئے ۔ چائلڈ سائیکالوجسٹ خدیجہ نے بچوں کے متعلق مختلف کیسز کے دوران بچوں سے رویہ خاص طور پر نفسیاتی دباؤ سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی لیکچر دیا۔ مسِ مہرین نے ''گود'' این جی او کی نمائندگی کرتے ہوئے بچوں کی بنیادی حقوق تعلیم اور صحت کے متعلق آگاہی لیکچر دیا۔آج ورکشاپ کا تیسرا روز تھا۔تربیتی ورکشاپ میں 20 ایس ایچ اوز اور 25 انچارج انویسٹی گیشن نے حصہ لیا۔ لاہور میں تعینات تمام ایس ایچ اوز اور انچارج انویسٹی گیشن کو ٹریننگ دی جائے گی۔ اب تک 60 ایس ایچ اوز اور 75 انچارج انویسٹی گیشن ٹریننگ دی گئی ہے ۔ یہ تربیتی ورکشاپ 24 اگست تک جاری رہے گی۔