لاہور( کرائم رپورٹر)سی سی پی او ذوالفقارحمید نے کہاہے کہ تمام پولیس دفاتر میں بغیر ماسک کے اہلکاروں اور سائلین کی انٹری پر مکمل پابندی ہو گی۔ کوئی بھی اہلکار یا سائلین بغیر ماسک کے داخل نہیں ہوگا۔ تمام دفاتر میں واش بیسن لگائے ہیں، اہلکار بار بار ہاتھ دھوئیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سولجر ہے ۔ سب سے زیادہ لاہور پولیس متاثر ہورہی ہے ۔پولیس کے جوانوں اور افسروں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔سی سی پی او نے بتایا کہ لاہور پولیس کے دفاتر اور تھانوں میں جراثیم سے پاک ماحول کی فراہمی کے لئے ڈس انفکیشن سپرے کرایا جا رہا ہے ۔ سی سی پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مرحلہ وار تمام پولیس دفاتر اور تھانوں میں جراثیم کش سپرے کیا جائے گا۔ تھانوں میں پبلک ڈیلنگ کے باعث کورونا کا خطرہ زیادہ ہے ۔ اس لئے پہلے وہاں خطرے کا تدارک کرنا ضروری ہے ۔ دریں اثنا سی سی پی او لاہور ذوالفقارحمید سے تبا دلہ ہونے والے ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے ملا قات کی۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور آفس کے افسران، پی ایس اوز ، ایس ایس پی ایڈمن لیاقت علی ملک اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر بھی موجود تھے ، سی سی پی او نے رائے بابر سعید کو الوداعی شیلڈ اور پھول پیش کئے ۔سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نئی تعیناتی پر رائے بابر سعید کیلئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا ۔ ڈی آئی جی رائے بابر سعیدکا کہنا تھا کہ ڈی آئی جی آپریشنز آفس کے تمام افسران اور سٹاف نے سرکاری امور کی انجام دہی میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔