روزنامہ 92نیوز کی رپورٹ کے مطابق آئی جی پنجاب پولیس نے عدالتی کیسز کا آن لائن سسٹم شروع کرنے کا حکم دیا ہے اور آئندہ ماہ کے آخر تک یہ نظام لاہور سمیت 35اضلاع میں شروع کر دیا جائے گا۔ دنیا میں بیشتر ترقی یافتہ ممالک میں پولیس کی جانب سے عدالتوں میں پیش کیے جانے والے مقدمات آن لائن ہی بھیجے جاتے ہیں۔ جرائم کی بڑھتی ہوئی رفتار،آبادی میں اضافے اور پولیس نفری کی قلت کو دیکھا جائے تو ملک بھر میں عدالتی کیسز کو پیش کرنے کا عدالتی نظام بہت پہلے شروع ہو جانا چاہیے تھا۔ اس نظام کی عدم موجودگی کی وجہ سے پولیس ملازمین کی اکثریت نہ صرف عدالتوں میں بروقت پیش نہیں ہو سکتی بلکہ انہیں بعض اوقات کیسوں کے بارے میں صحیح صورتحال سے بھی آگاہی نہیں ہوتی جس کی وجہ سے مقدمات بھی تاخیر کا شکار ہوتے ہیں۔ایسی صورتحال میں فاضل ججز کی جانب سے بھی پولیس افسران کی سرزنش بھی ہوتی ہے اور انہیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ وسائل کی کمی اور بڑھتے ہوئے مسائل کے سبب پولیس کا محکمہ اپنے عدالتی کیسوں کی تیاری اور انہیں عدالتوں میں پیش کرنے کے لیے آن لائن نظام میں منسلک ہو تا کہ مقدمات کو جلد ازجلد عدالتوں میں پیش کیا جا سکے اور عدالتوں کو مقدمات بر وقت نمٹانے میں آسانی ہو سکے۔