لاہور سے روزنامہ 92نیوز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پولیس فورس کو جدید سائنٹیفک آلات سے لیس کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ابتدائی طور پر یورپی طرز کے آلات خریدنے کیلئے تیاری شروع کر دی گئی ہے۔آلات کی خریداری کے لئے سوا چار کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ شہروں میں پولیس کو اکثر دہشت گردوں اورمجرموں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ پولیس کو جدید اور سائنٹیفک آلات سے لیس کرنے کا کام تین عشرے پہلے کر لیا جاتا تو شاید دہشت گردی کی وارداتوں اور ہلاکتوں کی تعداد کا تناسب وہ نہ ہوتا جو آج نظر آ رہا ہے۔دنیا کے ان ممالک میں جہاں دہشت گردی کی وارداتوں کا بظاہر خدشہ نہیں ہوتا وہاں بھی پولیس کو مجرموں کے خلاف لڑنے کے لئے جدید آلات سے لیس کیا جاتا ہے۔دہشت گرد عام طور پر بارودی سرنگیں بچھا کر یا دھماکہ خیز مواد کو خاص مقامات پر رکھ کر وارداتیں کرتے ہیں۔اس مواد اور بارودی سرنگوں کو تلاش کرنے کے لئے جدید سائنٹیفک آلات اور انہیں ناکارہ بنانے کے لئے تربیت یافتہ پولیس اہلکاروں کی ضرورت ہوتی ہے۔بہرحال امید کی جا سکتی ہے کہ جدیدآلات سے دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے ،دہشت گردی کی وارداتیں روکنے ،سکیورٹی چیکنگ اور امن و امان کی صورتحا ل کوبہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ضرورت اس امر کی ہے کہ جدید آلات کو استعمال کرنے کے لئے اہلکاروں کی تربیت پر بھی توجہ دی جائے تاکہ ان آلات کا بروقت اور صحیح استعمال ممکن ہو سکے۔