لاہور ( کرائم رپورٹر )سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں سٹیٹ آف دی آرٹ جم کا افتتاح کردیا اور ڈولفن اہلکار کی فائرنگ سے شہری کے زخمی ہونے پرافسوس کا اظہار کیا ، اس موقع پر سی سی پی او نے کہا کہ جسمانی اور ذہنی صحت فورس کی کارکردگی کے لئے بنیادی حیثیت رکھتی ہے ۔ پولیس لائنز میں مقیم جوانوں کیلئے جم کی ممبر شپ لازمی قرار دے کر ممبر شپ کارڈ بھی جاری کیا جائے گا،جم میں جسمانی فٹنس کے لئے جدید ترین مشینری لگائی گئی ہے اور پولیس ملازمین کی جسمانی ورزش کیلئے کوالیفائیڈ ٹرینرز موجود ہیں۔ سی سی پی او نے ایس پی ہیڈ کوارٹرز کو ایکسرسائز پلان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جم میں شفٹس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ افسروں اور جوانوں کے لئے ورزش کے مواقع فراہم کئے جائیں۔ جم کے قیام کا مقصد تعمیری اور صحتمندانہ سرگرمیوں کا فروغ ہے ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ذوالفقار حمید نے اسلام پورہ کے علاقے میں ڈولفن سکواڈ کے اہلکار کی فائرنگ سے شہری کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی انکوائری شروع کر دی گئی ہے ۔