اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍خصوصی نیوز رپورٹر؍ نیوز ایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مشکل حالات میں عوام پر بوجھ نہیں ڈالا جاسکتا۔اوگرا کی جانب سے پٹرول 9.71 ، ہائی سپیڈ ڈیزل 9.50 روپے مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔وزارت خزانہ کی طرف سے مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ستمبر 2020 کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے ٹویٹ کرتے ہوئے عاشورہ کو پر امن طریقے سے منانے پر قوم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا ملک بھر میں عاشورہ کو پر امن طریقے سے منانے پر قوم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، تاہم بدقسمتی سے مجھے اطلاع ملی ہے کہ کچھ عناصر نے اس موقع پر فرقہ واریت کی آگ کو بھڑکانے کی کوشش کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کروں گا۔مزیدبرآں وزیراعظم کے زیرصدارت ’’کراچی ٹرانسفارمیشن پلان‘‘کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔ وزیرِ اعظم نے کراچی کے مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے ،کراچی میں سالہا سال سے درپیش عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے ، عوام کی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے ، کراچی کے مسائل کے حل اور ترقی کے لئے وفاق اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے رواں ہفتے ’’کراچی ٹرانسفارمیشن پلان‘‘ کو حتمی شکل دی جائے تاکہ اس کی باقاعدہ منظوری اور عمل درآمد کا کام شروع کیا جا سکے ۔عمران خان نے امریکن بزنس کونسل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری برادری کی راہ میں حائل مشکلات دور کرنا ، منافع بخش کاروبار کے لئے موافق فضاء کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،موجودہ حکومت نے ترجیحاتی بنیادوں پر تعمیرات کے شعبے کے لئے مراعات کا اعلان کیا تاکہ نہ صرف تعمیرات بلکہ اس سے وابستہ صنعتوں کا فروغ بھی ممکن بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لئے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کی گئی ۔ وزیرِ اعظم نے وفد کی تجاویز پر مشیر تجارت اور مشیر خزانہ کو ہدایت کی کہ ان کا جائزہ لیا جائے تاکہ قابل عمل تجاویز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے ۔ وفد نے امریکن بزنس کونسل کی جانب سے مزید 17 ملین روپے کا چیک وزیرِ اعظم کورونا ریلیف فنڈ کے لئے پیش کیا۔دریں اثنا عمران خان سے وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز اور رکن قومی اسمبلی خرم شہزاد نے ملاقات کی۔