لاہور(سٹاف رپورٹر)پولیو ویکسین حلال اور پولیو ٹیموں پر حملے غیر اسلامی ، غیر شرعی اور غیر انسانی ہیں، والدین پر شرعی طور پر لازم ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو قطرے پلائیں، یہ بات ملک بھر کے علماء و مشائخ نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ گزشتہ روز پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں پولیو سے بچائو کیلئے آگاہی کا دن منایا گیا ، اس موقع پر علماء و مشائخ، آئمہ اور خطبا نے پولیو کے خاتمے تک اپنی جد و جہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، چیئرمین پاکستان علماء کونسل و صدر وفاق المساجد و المدارس پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور مولانا اسد اﷲ فاروق ، مولانا اسید الرحمٰن سعید، مولانا محمد اسلم صدیقی ، مولانا زبیر عابد، مولانا عبدالحکیم اطہر نے لاہور، مولانا محمد رفیق جامی ، مولانا حق نواز خالد، علامہ طاہر الحسن ،قاری عصمت اﷲ معاویہ ، مولانا امین الحق اشرفی ، مولانا حبیب الرحمٰن عابد نے فیصل آباد، مولانا عبد الکریم ندیم نے خان پور اور دیگر مقامات پر علماء کرام نے جمعہ کے خطابات میں کہا پاکستان میں استعمال ہونیوالی ویکسین محفوظ اور موثر ہے ، اس میں کوئی حرام یا مضر صحت اجزاء شامل ہیں ، نہ ہی ایسے اجزا جو تولیدی نظام کو کسی قسم کا نقصان پہنچانے کا سبب بنتے ہوں، پولیو مہم میں شامل رضا کاروں پر جان لیوا حملے قطعی طور پر برداشت نہیں کیے جاسکتے ، یہ حملے غیر اسلامی ، غیر شرعی اور بزدلانہ فعل ہیں،اس کام میں ملوث افراد اسلام کی کوئی خدمت نہیں کر رہے بلکہ معاشرے میں بگاڑ کا سبب بن رہے ہیں، بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو کے قطرے پلانے میں شرعی اعتبار سے کوئی حرج نہیں، پاکستان کے علما و مشائخ پولیو کے موذی وائرس کے مکمل تدارک تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے ۔