اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بل گیٹس فاؤنڈیشن کے عالمی ترقیاتی پروگرام کے صدراور انسدادپولیو کے عالمی اقدام کے نگران بورڈ کے سربراہ کرسٹوفرالائس نے ملاقات کی ہے ،ملاقات کے دوران پولیو کے خاتمے کے لئے پاکستان کے عزم سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔جمعرات کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ نے پولیو کے خاتمے کیلئے پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ پولیو کا خاتمہ ایک قومی مقصد ہے ، کرسٹوفر الائس نے پولیو کے خاتمے کیلئے قومی پولیو مہم میں تعاون اور پولیو مہم کے دورا ن باقاعدہ رسائی یقینی بنانے اور کمیونٹی رہنمائو ں اور با اثر افراد کی شمولیت یقینی بنانے پر پاک آرمی کے کردار کو سراہا۔انہوں نے کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی کوششوں اور پاک فوج کے کردار کی بھی تعریف کی، آرمی چیف نے بل گیٹس فاؤنڈیشن کی عالمی سطح پر پولیو کے خاتمے کی کوششوں کی تعریف کی اور پاک فوج کے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔