لاہور(جنرل رپورٹر) پنجاب کے دارالحکومت لاہور ،سرگودھا، جہلم اور میانوالی میں پولیو مہم کا آغازآج پیر سے کیا جائے گا، جبکہ، بنوں، وزیرستان اور ہنگو میں مزید 3 بچوں میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ۔ خصوصی مہم ’’ ماپ اپ‘‘ 29 اگست تک جاری رہے گی۔ ان شہروں میں 19لاکھ 72 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ سرگودھا، میانوالی اور جہلم کی 46 یونین کونسلوں کو مہم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ لاہور میں پولیو وائرس کی شدید گردش کی وجہ سے مکمل شہر اورضلع کو مہم میں شامل کیا گیا ہے ۔ بنوں میں جاری پولیو وائرس کی گردش کو دیکھتے ہوئے میانوالی کی تحصیل عیسی خیل کی 15 یونین کونسلوں میں بھی بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔انسداد پولیو پروگرام کے انچارج سلمان غنی نے والدین سے اپیل کی کہ پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو ویکسین کے دو قطرے ضرور پلائیں۔ پولیو ویکسین وزارت صحت پاکستان سے تصدیق شدہ، محفوظ اور مو ثرہے ۔