لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )ضلعی انتظامیہ لاہورنے شہرکی ہر فروٹ و سبزی منڈی کیلئے پرائس فکسیشن کمیٹی کی نامزدگی کر دی ہے ۔پرائس فکسیشن کمیٹی تین اراکین پر مشتمل ہو گی جس میں ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت لاہور ، متعلقہ سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اور ریونیو آفیسرکو شامل کیا گیا ہے ۔ بادامی باغ ، سنگھ پورہ ، کاچھا اور اقبال ٹاؤن ملتان کی سبزی و فروٹ منڈیوں میں علیحدہ کمیٹی کام کرے گی جو پھلوں و سبزیوں کی نیلامی کو دیکھے گی اورپھلوں و سبزیوں کے تمام منڈیوں کیلئے یکساں ریٹس کا تعین کرے گی۔کمیٹی ریٹ کے تعین کے وقت تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی جس میں موسم، پیداوار اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات ہوں گے اور بعد میں ریٹ کا تعین کیا جائے گا۔ریٹ کے تعین کے بعد کمیٹی اراکین اپنے دستخطوں سے ریٹ لسٹ جاری کریں گے اورتھو ک و پر چون دونوں ریٹس کو جاری کیا جائے گا۔مقررہ ریٹ سے زیادہ پھلوں و سبزیوں کی فروخت پر متعلقہ آڑھتی یا کمیشن ایجنٹ کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) انوارالحق نے تحریری احکامات جاری کر دئیے ہیں۔علاوہ ازیں ڈی سی لاہور نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود منڈیوں کا دورہ کریں اور نیلامی کے عمل کی نگرانی کریں اور مارکیٹ کمیٹی کے سٹاف کے کام کا جائزہ لیں۔بعد ازاں اے سی شالیمار نے سنگھ پورہ فروٹ و سبزی منڈی کا دورہ کیا۔انہوں نے وہاں پر پھلوں اور سبزیوں کے نیلامی کے عمل کی نگرانی کی۔