لاہور،اسلام آباد،راولپنڈی،ملتان،پشاور(جنرل رپورٹر، خبر نگار خصوصی، اپنے رپورٹر سے ،92 نیوز رپورٹ، سپیشل رپورٹر،نیوز رپورٹر،این این آئی )قاتل ڈینگی کے وار گزشتہ روز بھی نہیں رک سکے ، راولپنڈی میں ڈینگی کے مرض میں مبتلا ایک اور مریض اسلام آباد کا رہائشی 17سالہ حسنین جان کی بازی ہار گیا ۔وفاقی حکومت نے ملک میں ڈینگی کے خطرناک حد تک پھیلاؤکی عالمی اداروں سے تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ڈینگی کے پھیلاؤکی تحقیقات کیلئے عالمی ادارہ صحت، سی ڈی سی امریکہ اور سری لنکا سے رابطہ کیا جائے گا۔ عالمی ماہرین چاروں صوبوں خاص طور پر راولپنڈی، اسلام آباد اور آزادکشمیر کے دورہ کے دوران ڈینگی لاروا اور وائرس پر تحقیق کریں گے ۔معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ڈینگی کے پھیلاؤ کی عالمی ماہرین سے تحقیقات کی منظوری دے دی ہے ۔ پنجاب میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 196 نئے مریض سامنے آگئے ۔لاہور میں 7، راولپنڈی 150 ، منڈی بہاؤالدین ،گجرات 3 ،گوجرانولہ 2 ،حافظ آباد 2 ،مظفرگڑھ 7 ملتان ایک، رحیم یارخان ایک، فیصل آباد 4 ،جھنگ 2 ،ٹوبہ 4 ،بھکر 4 اور سرگودھا میں نئے 2 کیس سامنے آئے ، زیر علاج مریضوں میں سے 7 انتہائی نگہداشت میں جبکہ باقی خطرے سے باہر ہیں،پنجاب میں رواں سال ڈینگی کے کل 3554 مریض سامنے آئے ،پچھلے 24 گھنٹوں میں مختلف ہسپتالوں سے 213 مریض ڈسچارج ہوئے جبکہ 3554 میں سے 2821 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 256744 ان ڈوراور 72443 آؤٹ ڈور مقامات کو چیک کیا اور1681 مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔ ڈینگی لاروا کی موجودگی اور غفلت برتنے پر 69 کمرشل مقامات کے خلاف مقدمات درج جبکہ 5افراد کو گرفتار کیا گیا اور 673 افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔راولپنڈی سے رپورٹر کے مطابق سرکاری اعداد شمار کے تحت راولپنڈی میں اس وقت ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد 2968 ہے ، ہولی فیملی ہسپتال میں 384 مریض داخل ہیں جبکہ 139 کو ڈسچارج کیا گیا، بے نظیر بھٹو ہسپتال میں 287 مریض داخل، 112 کوڈسچارج کیا گیا ۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں 157مریض داخل، 60ڈسچارج کئے گئے ۔راولپنڈی کے تینوں ٹیچنگ ہسپتالوں میں اس وقت 828 مریض زیر علاج ہیں۔92 نیوز کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں رواں برس ڈینگی سے اموات کی تعداد 23 ہو گئی جبکہ راولپنڈی ریجن میں مریضوں کی تعداد5419تک جاپہنچی ہے ،اسلام آبادمیں گزشتہ24گھنٹوں میں596افرادمیں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔خیبرپختونخوامیں 24گھنٹے کے دوران 52نئے کیسزرپورٹ ہوئے ۔منڈی بہائوالدین میں 16مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔نشتر ہسپتال ملتان کے آئی سولیشن وارڈ میں مزید 8 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہونے سے زیر علاج مریضوں کی تعداد 22 ہو گئی،صحت یاب ہونے پر 8 مریض ڈسچارج کئے گئے ۔خیبر پختونخوا کے 6اضلاع میں ڈینگی سے مزید 57افراد متاثر ہونے کے بعد متاثرین کی تعداد3ہزار 661ہوگئی،44افراد ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، پشاور میں متاثرین کی تعداد 1ہزار867ہوگئی۔