لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے شروع ہوتے ہی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں آگے بڑھنے کی دوڑ کا بھی آغاز ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے پہلے مرحلے کا اختتام ہو گیا جس میں پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ سرفہرست ہیں، وفاقی دارالحکومت کی ٹیم نے اب تک تین میچ کھیلے جن میں سے دو جیتے جبکہ ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس وقت کوئٹہ اور اسلام آباد یونایئٹڈ کے برابر ہیں تاہم شاداب الیون بہترین رن ریٹ (0.295) کی وجہ سے سرفہرست ہے ۔دوسرے نمبر پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہے جس نے اپنے تین میچز کے دوران دو میں فتح حاصل کی جبکہ ایک میچ ہارا۔ سرفراز الیون کا رن ریٹ (0.124) ہے ۔تیسرے نمبر پر پشاور زلمی ہے جس نے دو میچز کھیلے ایک جیتا اور ایک ہارا جبکہ ملتان سلطان نے بھی اتنے ہی میچزکھیلنے کے بعد ایک میچ جیتا اور ایک میں شکست ٹیم کا مقدر بنی۔پانچویں نمبر پر کراچی کنگز ہے جس نے دو میچ کھیلے ایک جیتا اور ایک ہارا، لاہور قلندرز کی ٹیم اس وقت چھٹے نمبر پر ہے ، دو میچ کھیلے دونوں میں شکست ان کا مقدر بنی۔