لاہور ( 92 نیوزرپورٹ)لاہور سے جدہ جانے والے پی آئی اے کی طیارے کے انجن میں ٹیک آف کرتے ہی آگ لگ گئی، پائلٹ نے فلائٹ کو واپس لاہور ائر پورٹ پر اتار لیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پی آئی اے کی پرواز پی کے 759 بڑی تباہی سے بال بال بچ گئی،طیارے میں 130 مسافر سوار تھے جو فائر الارم بجتے ہی سہم گئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے ،لاہور ایئر پورٹ پر ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی اورآگ بجھانے والے عملے نے رن وے پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا،طیارہ لینڈ ہوتے ہی انجینئرنگ کا عملہ بھی ایپرن پر پہنچا اور بوئنگ 777 کی مرمت کا کام شروع کر دیا،ذرائع کے مطابق طیارہ مزید 10 منٹ لینڈ نہ کرتا تو ہوا میں زور دار دھماکے سے پھٹ سکتا تھا،ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی کے 759 گراؤنڈ کرتے ہوئے مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے جدہ روانہ کیا گیا،آگ لگنے سے پی کے 759 کا انجن مکمل طور پر ناکارہ ہو گیا ہے ۔