کراچی(سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر بردار جہاز پی این ایس ذوالفقار نے بحری تعیناتی کے دوران بحیرہ احمر میں اردن کی بندرگاہ عقبہ کا دورہ کیا، بندرگاہ آمد پر پاکستان کے ڈیفنس اتاشی اور اردن کی بحری فوج کے افسران نے استقبال کیا۔پی این ایس ذوالفقار کے کمانڈنگ آفیسر نے اردن بحریہ کے کمانڈر کرنل ہشام ال جراح اور حکومتی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے میں امن و سلامتی کیلئے پاک بحریہ کے اقدامات پر گفتگو ہوئی، علاوہ ازیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی غیر قانونی قبضے اور مظالم پر بھی روشنی ڈالی گئی، کمانڈنگ آفیسر نے نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی کی جانب سے اردن کی عوام کیلئے بالعموم اور اردن کی بحری فورس کیلئے بالخصوص نیک تمناؤں کا اظہار کیا، عقبہ کی بندرگاہ پر قیام کے دوران کمانڈر رائل جورڈینین نیول فورس نے پی این ایس ذوالفقار کا دورہ کیا، عقبہ بندرگاہ سے روانگی کے دوران پی این ایس ذوالفقار نے اردن بحریہ کی فاسٹ اٹیک کرافٹ الحسن (P 102) اور پیٹرول کرافٹس محمد-1 اور محمد-2 کے ساتھ پیسیج ایکسر سائز بھی کی، پاک بحریہ حکومتی پالیسی کے مطابق خطے میں سمندری تحفظ اور دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ، پی این ایس ذوالفقار کا حالیہ دورہ پاک بحریہ اور رائل جورڈینین نیول فورس کے مابین اشتراک اور پاکستان اور اردن کے درمیان برادرانہ تعلقات کی تصدیق کرتا ہے ۔